Live Updates

محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کا جائزہ کارکردگی اجلاس

جمعہ 22 اگست 2025 23:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز کی زیرِ صدارت محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کا جائزہ کارکردگی اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری محمد شیراز، منیجنگ ڈائریکٹر کے پی آئی ٹی بورڈ عاکف خان، ڈائریکٹر جنرل سائنس و ٹیکنالوجی ساجد حسین شاہ اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جاری اور منصوبہ بندی کے تحت آنے والے منصوبوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں ہر منصوبے کی موجودہ پیشرفت، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے اہداف کا جائزہ شامل تھا۔ افسران نے ہر پروگرام کی کامیابیوں اور اس سے عوام کو حاصل ہونے والے فوائد پر روشنی ڈالی تاکہ منصوبوں کی شفافیت اور کارکردگی کا مکمل تجزیہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شفقت ایاز نے اجلاس میں واضح کیا کہ صوبے میں سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے ساتھ معیار، شفافیت اور عوامی سہولت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہر منصوبہ عوام کے لیے عملی فائدہ فراہم کرے اور خیبرپختونخوا کو ڈیجیٹل معیشت میں ایک مضبوط مقام دلانے میں مددگار ثابت ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام اقدامات چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے وژن کا عملی مظہر ہیں، جنہوں نے خیبرپختونخوا کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کا مرکز بنانے کے لیے واضح پالیسی وضع کی ہے۔ چیئرمین عمران خان کے مطابق، ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور خیبرپختونخوا حکومت کا یہ اقدام نوجوانوں کو عالمی مقابلے کے قابل بنانے کی طرف ایک اہم سنگِ میل ہے۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے کے نوجوان ہمارے لیے قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت کی پالیسی یہ ہے کہ انہیں خود کفیل اور بااختیار بنایا جائے تاکہ خیبرپختونخوا ملک کی ڈیجیٹل معیشت میں قائدانہ کردار ادا کر سکے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے اس بات پر زور دیا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے آئی ٹی پارک کی 30 فیصد اسپیسز خواتین، خصوصی افراد اور خواجہ سرا کمیونٹی کے لیے مختص کی ہیں تاکہ معاشرے کے تمام طبقات کو مساوی مواقع میسر آ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام صوبے کے ڈیجیٹل فیوچر کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے جس سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ خیبرپختونخوا آئی ٹی کے شعبے میں ایک نمایاں اور منفرد مقام بھی حاصل کرے گا۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس سنہری موقع سے فوری فائدہ اٹھائیں اور اپنی آئی ٹی کمپنی رجسٹر کر کے خیبرپختونخوا کے ڈیجیٹل فیوچر کا حصہ بنیں۔خیبرپختونخوا حکومت اس بات پر پُرعزم ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی منڈی میں بھی اپنا لوہا منوا سکیں۔ حکومت کا یہ عزم ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے ذریعے خیبرپختونخوا کو ڈیجیٹل پاکستان کی بنیاد بنایا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات