لاڑکانہ: سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کا سینٹرل جیل لاڑکانہ سے کوئی تعلق نہیں،جیل انتظامیہ

جمعہ 22 اگست 2025 23:24

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) سینئر سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل لاڑکانہ کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں قیدی غلام رسول عرف بابن جلبانی کو کچھ افراد کے ساتھ دکھایا گیا ہے اور اس ویڈیو کو غلط طور پر سینٹرل جیل لاڑکانہ سے منسوب کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں واضح کیا جاتا ہے کہ مذکورہ قیدی غلام رسول عرف بابن جلبانی کو 04-06-2025 کو ڈسٹرکٹ جیل لاڑکانہ سے سینٹرل جیل لاڑکانہ منتقل کیا گیا تھا اور یہ بھی واضح کیا جاتا ہے کہ قیدیوں کو جیل سے باہر صرف تین وجوہات کی بنا پر نکالا جاتا ہے، ’’عدالت میں پیشی، ہسپتال میں علاج اور ایک جیل سے دوسری جیل منتقلی ‘‘ممکن ہے کہ یہ ویڈیو انہی مواقع کے دوران ریکارڈ کی گئی ہو۔

مزید وضاحت اور تصدیق کے لیے بتایا جاتا ہے کہ سینٹرل جیل لاڑکانہ میں کسی بھی قیدی کو فون یا کسی غیرقانونی سہولت کی اجازت نہیں ہے، اس لیے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مذکورہ ویڈیو کا سینٹرل جیل لاڑکانہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔