آرگینگ خوراک، مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کےلئے بیرون ممالک ائیر پورٹس ،سپر سٹورز پر پاکستانی پویلین قائم کئے جائیں ، نجم مزاری

ہفتہ 23 اگست 2025 16:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ آئندہ 7سے 8سال میں 100ارب ڈالر برآمدات کے ہدف کے حصول کےلئے شراکت داروں کی مشاورت سے مضبوط سٹرکچر بنانا ہوگا ،برآمدی فہرست میں آرگینک خوراک اور مصنوعات کو بھی شامل کیا جائے ۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں نجم مزاری نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت پیشرفت کرنا ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک ائیر پورٹس اور سپر سٹورز پر پاکستانی مصنوعات کے پویلین قائم کئے جائیں جہاں پر اعلیٰ معیار کی مصنوعات ڈسپلے کی جائیں ، حکومت برآمدات کرنے والوں کو فریٹ پر خصوصی سبسڈی دے اور مالی معاونت بھی فراہم کی جائے ۔ نجم مزاری نے کہا کہ پاکستان کی آرگینک خوراک اور مصنوعات اعلیٰ معیار کی حامل ہیں ، وسیع پیمانے پر برآمدات کے لئے حکومت لیبارٹریز کے قیام ، لیبلنگ اور سر ٹیفکیشن کے لئے مدد فراہم کرے تاکہ پاکستان کی برآمدی فہرست میں باضابطہ طور پر نئی مصنوعات شامل ہو سکیں جس سے قیمتی زر مبادلہ کا حصول ممکن بنایا جاسکے گا۔