بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف اے این ایف کی کارروائی ،31 کلو 200 گرام ویڈ برآمد کرلی

ہفتہ 23 اگست 2025 18:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2025ء) پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف ایک p اہم کارروائی کرتے ہوئے 31 کلو 200 گرام ویڈ برآمد کرلی۔ یہ کامیابی منشیات کے خلاف جاری جنگ میں اے این ایف کی ایک اور شاندار کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔اے این ایف کے خفیہ ذرائع نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے مختلف منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔

ان اطلاعات کی بنیاد پر اے این ایف نے اسلام آباد ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ میں تھائی لینڈ سے آنے والے 45 مشکوک ڈبوں کی تلاشی لی، جس کے دوران چلی پیسٹ کے 195 چھوٹے پیکٹوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی ویڈ برآمد ہوئی۔ اے این ایف کی ٹیم نے اپنے محدود وسائل کے باوجود اس کامیاب کارروائی کو یقینی بنایا، جس سے نہ صرف ملک میں منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام ہوئی بلکہ ایک اور عالمی نیٹ ورک کی خلاف کارروائی کو بھی عمل میں لایا گیا۔

(جاری ہے)

اس کارروائی کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پاکستان میں موجود منشیات اسمگلنگ کے گروہ کے دیگر ممبران کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ اے این ایف کا کہنا ہے کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں اور وسائل بروئے کار لا کر پاکستان کو منشیات سے پاک کرنے کے مشن پر کام جاری رکھے گی۔