اسلام آباد ایکسپریس ٹرین حادثہ انکوائری رپورٹ وزیراعظم کو ارسال، کئی سوالات اٹھ گئے

ہفتہ 23 اگست 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)اسلام آباد ایکسپریس ٹرین حادثہ انکوائری رپورٹ وزیراعظم کو ارسال کردی گئی، رپورٹ میں افسروں کے بیان شامل ہی نہیں کیے گئے۔ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی آفیسر عامر نثار چودھری نے یکم اگست کو پیش آنے والے اسلام آباد ایکسپریس ٹرین حادثے کی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ تیار کی۔

حادثے کی تحقیقات کے دوران ڈرائیور، ٹکٹ کلیکٹر، گارڈز سمیت مسافروں اور ریلوے کے دیگر ملازمین کے بیانات بھی قلم بند کیے گئے اور جائے وقوعہ کا دورہ بھی کیا گیا۔ریلوے کے ڈپٹی ڈویڑنل انجینئر مکینیکل، ڈپٹی ڈی ایس کمرشل وٹریفک اور دیگر اہلکاروں کو جو جائے حادثہ پر سب سے پہلے پہنچے اور ساری معلومات سے ریلوے کے اعلیٰ افسران بشمول وزیرِ ریلوے کو آگاہ کیا جو تحقیقات کا حصہ ہی نہیں بنایا گیا۔

(جاری ہے)

اس قسم کے حادثات میں ان افسران کی ابتدائی رپورٹ دیکھنے کے بعد اِن سے تحقیقات کرنے والا آفیسر سوال جواب بھی کرتا ہے مگر اسلام آباد ایکسپریس ٹرین حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ میں ایسا نہیں کیا گیا۔یاد رہے کہ اسلام آباد ایکسپریس ٹرین کو کالاشاہ کاکو کے قریب یکم اگست کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئی تھیں اور تیس کے قریب مسافر زخمی ہوئے تھے۔