ماضی میں ہسپتالوں میں عوامی شکایات کے اندراج ،بروقت ازالے کیلئے مؤثر نظام موجود نہیں تھا، بخت کاکڑ

موجودہ حکومت نے محکمہ صحت کی بہتری اور گورننس کو مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے،وزیر صحت بلوچستان

ہفتہ 23 اگست 2025 22:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے ڈی جی ہیلتھ آفس میں "منسٹر ہیلتھ شکایتی سیل" کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر امین مندوخیل، سیل انچارج ڈاکٹر ابوبکر اور دیگر حکام بھی موجود تھے اس موقع پر ڈاکٹر ابوبکر نے وزیر صحت کو شکایتی سیل کے طریقہ کار اور مقاصد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ماضی میں ہسپتالوں میں عوامی شکایات کے اندراج اور ان کے بروقت ازالے کے لیے کوئی مؤثر نظام موجود نہیں تھا، تاہم موجودہ حکومت نے محکمہ صحت کی بہتری اور گورننس کو مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شکایتی سیل کے ذریعے مریضوں اور شہریوں کی شکایات براہِ راست متعلقہ حکام تک پہنچائی جائیں گی اور ان کے حل کے بعد کال بیک کے ذریعے اطمینان بھی حاصل کیا جائے گا بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ صوبے کے تمام ہسپتالوں میں فوکل پرسنز تعینات کر دیے گئے ہیں جو براہِ راست شکایتی سیل سے منسلک ہوں گے انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹیلی میڈیسن کی سہولیات متعارف کروائی جا رہی ہیں تاکہ دور دراز علاقوں کے مریض بھی ماہر ڈاکٹروں سے آن لائن مشاورت کے ذریعے علاج کر سکیں صوبائی وزیر صحت نے اعلان کیا کہ حکومت بلوچستان جلد بے نظیر ائیر ایمبولینس کا آغاز کرنے جا رہی ہے تاکہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولت فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات لانا پیپلز پارٹی کے وڑن کا حصہ ہے اور اسی مقصد کے تحت ہسپتالوں میں چیک اینڈ بیلنس کا مؤثر نظام قائم کیا گیا ہے وزیر صحت نے کہا کہ اگرچہ ہسپتالوں کے انفراسٹرکچر میں کمی ہے، لیکن ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کمی نہیں۔ ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ ہسپتالوں کے لیے جدید طبی مشینری بھی خریدی جا چکی ہے انہوں نے کہا کہ نجی ہسپتالوں کو ریگولیٹ کرنے اور رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے لیے بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن فعال ہے۔

جو نجی ہسپتال رجسٹرڈ نہیں ہوں گے انہیں سیل کر دیا جائے گا صوبائی وزیر صحت نے اعلان کیا کہ بہت جلد بلوچستان میں ای-کچہری کا آغاز کیا جائے گا جس میں وہ اور ان کی ٹیم صوبے بھر سے عوام کی براہِ راست شکایات سنیں گے اور ان کے فوری ازالے کے احکامات جاری کریں گے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور صحت کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق یہ شکایتی سیل عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا اور مریضوں کو اپنی شکایات درج کرانے اور ان کے بروقت حل کی سہولت فراہم کرے گا جو صحت کے شعبے میں ایک انقلابی قدم ہے۔