زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے سینٹ نے مالی سال 2025-26 کا بجٹ متفقہ طور پر منظور کرلیا

جمعرات 28 اگست 2025 23:13

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2025ء)زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے سینٹ کا اجلاس صوبائی وزیر زراعت و پرو چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ زراعت محمد نعیم خان ، اسپیشل سیکرٹری محکمہ زراعت سید سہیل احمد، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان پروفیسر ڈاکٹر شکیب احمد، ڈائریکٹر فنانس ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد، نمائندگان محکمہ خزانہ، محکمہ قانون، محکمہ اعلیٰ تعلیم، اسٹیبلشمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں سمیت سینٹ کے اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں یونیورسٹی کے سالانہ بجٹ برائے مالی سال 2025-26، گزشتہ مالی سال کے اخراجات و آمدن، سالانہ ورک پلان ، سالانہ کارکردگی رپورٹ اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران یونیورسٹی کو مختلف ذرائع سے 844 ملین روپے موصول ہوں گے۔ جبکہ گزشتہ مالی سال کے یونیورسٹی کے اخراجات 760 ملین رہے۔

بجٹ کے استعمال میں شفافیت اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے گا۔سینٹ نے بجٹ کی متفقہ طور پر منظوری دیتے ہوئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں یونیورسٹی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ اور تھرڈ پارٹی آڈٹ رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا اور مستقبل کے منصوبہ جات کو حوصلہ افزا قرار دیا گیا۔صوبائی وزیر زراعت و پرو چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

صوبائی حکومت زراعت میں جدت و تحقیق کو اہمیت دیتی ہے۔ زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان جنوبی اضلاع میں جدید زرعی تعلیم اور تحقیق کے فروغ کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بجٹ کے شفاف استعمال کے ذریعے طلبہ، تحقیقی منصوبوں اور کسانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت صوبے کے جنوبی خطے میں زراعت کے نئے مواقع پیدا کرنے اور کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے یونیورسٹی کے کردار کو مزید مضبوط بنائے گی۔