Live Updates

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی سیلاب زدگان کی فوری امداد کی اپیل

جمعرات 28 اگست 2025 20:08

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی سیلاب زدگان کی فوری امداد کی اپیل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے دریائے چناب، راوی اور ستلج میں خطرناک حد تک بلند پانی کی سطح کے پیشِ نظر عوام سے فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو بلا تاخیر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی ہے۔یوسف رضا گیلانی نے خبردار کیا کہ جنوبی پنجاب کی جانب بڑھتے سیلابی ریلے بڑے جانی و مالی نقصانات کا سبب بن سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں خاندان متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے فوری ریلیف اور مؤثر ریسکیو آپریشنز وقت کی ضرورت ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قومی یکجہتی اور عوامی تعاون ہی اس بحران سے نکلنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنی جانوں کو محفوظ بنانے کے لیے بروقت نقل مکانی کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مخیر حضرات اور فلاحی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں آگے بڑھ کر سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔

ان کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو خوراک، ادویات اور عارضی رہائش کی فوری فراہمی ناگزیر ہے۔چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ ریلیف اور ریسکیو آپریشنز کو تیز تر بنایا جائے تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ متاثرہ عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات