Live Updates

ملک میں سیلاب کی تباہ کاری لمحہء فکریہ ہے، میاں مقصود

جمعرات 28 اگست 2025 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء) الفاء فاؤنڈیشن آف ہیومن رائٹس کے مرکزی دفتر کراچی میں چیئرمین میاں محمد مقصود کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مرکزی اور ضلعی عہدیداران، سماجی کارکنان اور فلاحی ٹیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں پیدا ہونے والے بحران، متاثرین کے نقصانات اور عوامی ذمہ داریوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء نے اس امر پر سخت تشویش کا اظہار کیا کہ بعض مقامات پر دریا اور ندیوں سے سیلاب کے دوران پکڑا گیا مال مویشی، اجناس اور دیگر ضروری سامان ذاتی استعمال کے طور پر رکھا جا رہا ہے، حالانکہ وہ سامان دراصل سیلاب متاثرین کی امانت ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں واضح طور پر کہا گیا کہ یہ مال کسی طور پر ’’مالِ غنیمت‘‘ نہیں بلکہ ان خاندانوں کے بنیادی حق اور زندگی کے بقا کا ذریعہ ہے جن کے گھر، کھیت اور روزگار اس آفت کی نذر ہوگئے۔

مقررین نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاری اپنی جگہ ہے، لیکن اگر متاثرین کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا تو یہ اخلاقی زوال اور انسانی ہمدردی کی موت کے مترادف ہوگا۔ قوم کو یہ سمجھنا ہوگا کہ سیلاب زدہ لوگوں کے دکھ کو کم کرنے کے بجائے اگر ان کی امانت میں خیانت کی گئی تو یہ مصیبت در مصیبت کا سبب بنے گا۔چیئرمین میاں محمد مقصود نے اپنے خطاب میں کہا کہ الفاء فاؤنڈیشن آف ہیومن رائٹس آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریلیف سرگرمیوں کے لیے خصوصی ٹیمیں کام کررہی ہیں جو متاثرہ علاقوں میں عارضی شیلٹرز، طبی سہولیات، خشک راشن اور صاف پانی کی فراہمی کے انتظامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی طرف سے مختلف شہروں میں امدادی کیمپس قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ عام شہری بھی دل کھول کر اپنی استطاعت کے مطابق عطیات اور راشن فراہم کریں۔

اجلاس میں شریک مقررین جنرل سیکریٹری عبداللہ فاروق، فنانس سیکریٹری محمدیوسف، انفارمیشن سیکریٹری علی اسلم، وائس چیئرمین غفران شریف ودیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت قومی یکجہتی اور اجتماعی ایثار کا ہے۔ مصیبت میں گھرے افراد کے لیے ہر ممکن تعاون دراصل انسانیت کی خدمت ہے اور یہی اجتماعی قربانی معاشرے کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے ایمانی اور خودغرضی کے رویے پورے معاشرے کو نقصان پہنچاتے ہیں، جبکہ ایمانداری، دیانت اور دوسروں کے دکھ درد میں شریک ہونا معاشرے کی تعمیر نو کی ضمانت ہے۔اجلاس کے اختتام پر سیلاب متاثرین کی بحالی اور شہداء کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور یہ عہد کیا گیا کہ الفاء فاؤنڈیشن اپنی فلاحی سرگرمیوں کو مزید تیز کرے گی، ساتھ ہی عوام الناس سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ اس آزمائش کی گھڑی میں آزمائش زدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہوں اور ایمانداری، اخوت اور یکجہتی کے عملی ثبوت پیش کریں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :