آپ کو اپنے کھیل کے انداز کو وقت کے ساتھ بدلنا پڑتا ہے،مکی آرتھر کا بابر اور رضوان کو سکواڈ میں شامل نہ کر نے پر رد عمل

جمعہ 29 اگست 2025 14:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ڈائریکٹر اور سابق ہیڈکوچ مکی آرتھر نے بابراعظم اور رضوان کو ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے اسکواڈ میں شامل نہ کرنے پر ردعمل کا اظہار کترے ہوئے کہا ہے کہ آپ کو اپنے کھیل کے انداز کو وقت کے ساتھ بدلنا پڑتا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائیگا، اعلان کردہ پاکستانی اسکواڈ میں سابق کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان شامل نہیں ۔

دونوں بلے بازوں نے آخری بار دسمبر میں جنوبی افریقا میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ دونوں سینئرکھلاڑیوں کو نظر انداز کرنے پر سوشل میڈیا پر مداحوں نے سخت ردعمل دیا اور یہ فیصلہ کرکٹ ماہرین کے درمیان بحث کا موضوع بن گیا۔

(جاری ہے)

ایک حالیہ انٹریو میں قومی ٹیم کے سابق ہیڈکوچ مکی آرتھر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ بہت تیزی سے بدل چکی ہے اور آپ کو اپنے کھیل کے انداز کو وقت کے ساتھ بدلنا پڑتا ہے، یقیناً بابر اور رضوان بہت اچھیکھلاڑی ہیں، تاہم پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈکوچ مائیک ہیسن اور ٹی ٹوئنٹی کیکپتان سلمان علی آغا نے ایک وڑن کے تحت مخصوص برانڈ آف کرکٹ تیار کی ہے اور وہ ایسے کھلاڑی چن رہے ہیں جو اسے عملی شکل دے سکیں۔

مکی آرتھر نے کہاکہ مائیک ہیسن بہترین کوچ ہیں، میں ان کا بہت احترام کرتا ہوں، مجھے یقین ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ کے لیے زبردست کام کریں گے۔