موسم برسات میں آنکھوں کے امراض میں اضافہ ہو جاتا ہے ،ڈاکٹر ظفر چوہدری

جمعہ 29 اگست 2025 16:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) ماہر امراض چشم اور سینئر میڈیکل آفیسر گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ ڈاکٹر چوہدری ظفر نے کہا ہے کہ موسم برسات میں آنکھوں کے امراض میں اضافہ ہو جاتا ہے ،عوام کو چاہیے کہ وہ آنکھوں کی صفائی اور احتیاطی تدابیر کو لازمی اپنائیں، بارشوں کے دوران نمی اور جراثیم کی افزائش کی وجہ سے آنکھوں میں انفیکشن، آشوب چشم (Conjunctivitis)، الرجی، آنکھوں کی لالی اور سوجن جیسے مسائل عام ہو جاتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ برسات کے موسم میں گندے پانی، آلودہ تولیوں اور دوسروں کی عینک یا آئی ڈراپس استعمال کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے، بچوں میں آنکھوں کی بیماریاں زیادہ تیزی سے پھیلتی ہیں اس لیے والدین کو خصوصی احتیاط برتنی چاہیے۔

(جاری ہے)

آنکھوں میں خارش یا پانی آنے کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے، خود علاجی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ بارش کے موسم میں آنکھوں کو بار بار صاف پانی سے دھوئیں، گرد و غبار اور دھوئیں سے بچیں اور آنکھوں کو ہاتھ لگانے سے پہلے ہاتھ اچھی طرح دھو لیں۔ اگر آنکھوں میں انفیکشن ہو جائے تو مریض کو الگ تولیہ اور بستر استعمال کرنا چاہیے تاکہ بیماری دوسروں میں منتقل نہ ہو۔ڈاکٹر چوہدری ظفر نے بتایا کہ گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ میں آنکھوں کے امراض کے علاج اور مریضوں کی رہنمائی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ہسپتال میں روزانہ کی بنیاد پر مریضوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے اور انہیں ضروری علاج اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی شعور بیدار کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے، اس لیے شہریوں کو چاہیے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور کسی بھی تکلیف کی صورت میں مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ آنکھ اللہ تعالیٰ کی بڑی نعمت ہے، اس کی حفاظت ہر فرد کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔