اسرائیلی بمباری میں مزید 50فلسطینی شہید، بھوک سے مرنیوالوں کی تعداد 317تک پہنچ گئی

زیتون اور شجاعیہ کے علاقوں میں اسرائیلی زمینی آپریشن کے دوران 1500سے زائد گھر تباہ کر دیے گئے

جمعہ 29 اگست 2025 16:55

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء) اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے مشرقی اور جنوبی حصوں میں شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں 50فلسطینی شہید ہو گئے ، جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔غرب میڈیاکے مطابق اسرائیلی فوج غزہ شہر پر مکمل قبضے کی تیاری کر رہی ہے، جبکہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں نے اس کارروائی پر سخت تشویش ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ غزہ میں فوجی کارروائی تباہ کن ثابت ہو گی اور لاکھوں شہری مزید بے گھر ہونے پر مجبور ہوں گے۔غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق زیتون اور شجاعیہ کے علاقوں میں اسرائیلی زمینی آپریشن کے دوران 1500سے زائد گھر تباہ کر دیے گئے ہیں۔ شہریوں نے بتایاکہ وہ اپنے گھروں سے نکل کر ساحل کی طرف پناہ لینے پر مجبور ہیں۔غزہ کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ غذائی قلت کے باعث مزید 4افراد شہید ہو گئے ہیں، جن میں 2بچے بھی شامل ہیں۔ اس طرح بھوک سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 317تک پہنچ گئی ہے۔ مجموعی طور پر اب تک غزہ میں 62ہزار 900سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے۔