ترکیہ کا اسرائیل کے ساتھ ہر قسم کے تجارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان

ترک جہازوں کو اب اسرائیلی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، وزیر خارجہ

جمعہ 29 اگست 2025 23:23

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)ترکیہ نے غزہ میں جاری مظالم کے پیش نظر اسرائیل کے ساتھ ہر قسم کے تجارتی تعلقات کی معطلی کی توثیق کر دی ہے۔ترک نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیرِ خارجہ حکان فیدان نے کہا کہ ترک جہازوں کو اب اسرائیلی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، ساتھ ہی اسرائیلی طیاروں کو بھی ترکیہ کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ترک پارلیمنٹ کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ حکان فیدان نے اسرائیل پر غزہ میں جرائم کے ارتکاب کا الزام لگایا اور ساتھ ہی قابض افواج کے کارروائیوں کو انسانی تاریخ کے سیاہ ترین ابواب میں سے ایک قرار دیا ہے۔حکان فیدان نے کہا کہ اسرائیل گزشتہ 2 برسوں کے دوران بنیادی انسانی اقدار کو دنیا بھر کے سامنے نظر انداز کرتے ہوئے غزہ میں نسل کشی کے جرائم میں ملوث رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی اسرائیل کے خلاف مزاحمت تاریخ کا دھارا بدل دے گی، مظلوموں کے لیے ایک علامت بنے گی اور زوال پذیر نظام کی بنیادوں کو ہلا دے گی۔ترک وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی سے متعلق کوئی بھی تجویز، چاہے اسے کوئی بھی پیش کرے، ہمارے لیے یہ ناقابلِ قبول ہے۔حکام فیدان نے غزہ سے باہر اسرائیلی کارروائیوں کی بھی مذمت کی، انہوں نے اسرائیل کے لبنان، یمن، شام اور ایران میں حملوں کو بین الاقوامی نظام کو چیلنج کرنے والی ایک دہشت گرد ریاستی ذہنیت کی واضح ترین علامت قرار دیا۔