ضلعی انتظامیہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر تمام سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی، ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان

جمعہ 29 اگست 2025 20:00

ٹنڈو محمد خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء) جشن عید میلاد النبی ﷺ 12 ربیع الاول 1447ھ بمطابق 2025 کے سلسلے میں ضلعی سطح پر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان، دھرموں بھاوانی کی زیر صدارت منعقد ہوا. اجلاس میں ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان حسیب جاوید سومار میمن، چیئرمین میونسپل کمیٹی شاھ نواز محسن شاھ ڈی ایچ او ڈاکٹر صادق خواجہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز، تمام ضلعی محکموں کے افسران، رینجرس، پولیس، بلدیاتی اداروں، محکمہ صحت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور میلاد کمیٹیوں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر دھرموں بھاوانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ضلع بھر میں امن و امان، صفائی، سیکیورٹی، روشنی کے انتظامات، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں بروقت اور مثر انداز میں سرانجام دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ جشنِ میلاد کے جلوسوں کے تمام روٹس کی ازسرِ نو نگرانی کی جائے، اجلاس میں شریک علمائے کرام اور میلاد کمیٹیوں کے نمائندوں نے مختلف تجاویز پیش کیں، جنہیں مثبت انداز میں سنا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ان تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر تمام سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ شہری پرامن اور روح پرور ماحول میں اس مقدس دن کی خوشیاں منا سکیں۔