Live Updates

وزیر ہاؤ سنگ بلال یاسین کا قصور کا دورہ، سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا

جمعہ 29 اگست 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) وزیر ہاؤ سنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے قصور کا دورہ کیا۔ ڈی سی قصور عمران علی اور ڈی پی او عیسی سکھیرا نے زمینی صورتحال بارے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ قصور کے 72 موضع جات متاثر جبکہ امدادی سرگرمیوں میں 74 کشتیاں پانی میں موجود ہیں، تلوار پوسٹ، اتر سنگھ والا،کوٹھی فتح محمد میں آرمی اور پولیس کے 300 دستوں کی مدد سے لوگوں کا انخلاء یقینی بنایا جارہا ہے، 18 ہزار 308 افراد اور 36 ہزار 129 جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے، وزیر ہاؤ سنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے 5 گھنٹے طویل دورہ قصور کے دوران ضلعی انتظامیہ ،پولیس اور ریسکیو اداروں کے ہمراہ سیلابی پانی میں ریسکیو آپریشن کی سربراہی کی،تلوار پوسٹ کے مقام سے سرحدی علاقوں میں بذریعہ کشتی لوگوں کو ریسکیو کروایا، درجنوں افراد اور 100 سے زائد جانوروں کو خصوصی کشتیوں کے ذریعے کیمپس تک پہنچایا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر ہاؤ سنگ نے دور دراز مقامات پر ٹھہرے لوگوں کو کھانا اور ادویات فراہم کیں، ضلعی انتظامیہ کے قائم کردہ فلڈ ریلیف کیمپس کا بھی دورہ کیا۔ وزیر ہاؤ سنگ بلال یاسین نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام علاقے کا جائزہ لیا، لوگوں کو کھانا، ادویات اور بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، پانی کی سطح بلند ہونے سے مزید افراد کو ریسکیو کیا جارہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کو لوگوں کی مشکلات کا ادراک ہے، قدرتی آفات سے نبٹنے کیلئے سیاسی، گروہی اور مذہبی اختلافات کو بالائے طاق رکھنا ہوگا، بھارتی آبی جارحیت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات مشترکہ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، 1988 کے بعد کا سب سے بڑا سیلابی ریلا،گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک ہے،ضلع قصور سنٹرل مانیٹرنگ روم، چونیاں، قصور اور پتوکی میں بڑے کیمپس فعال کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے گزارش کی ہے کہ سیلاب زدہ اور نشیبی علاقوں میں آنے سے گریز کریں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات