Live Updates

دریائے سندھ کے نشیبی علاقوں میں شدید اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے،این ڈی ایم اے

دریاؤں کے کناروں اور واٹر ویز پر رہائش پذیر افراد فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں

جمعہ 29 اگست 2025 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم ای)نیتینوں مشرقی دریاؤں میں موجود شدید سیلابی صورتحال کے باعث نشیبی دریائے سندھ میں بھی شدید سیلابی صورتحال کے خطرہ کا انتباہ جاری کیا ہے۔نشیبی اور دریائی علاقے خطرے میں ہیں اوور فلو، بند ٹوٹنے اور علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے،متعلقہ ادارے فوری اقدامات کریں۔

جمعہ کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق 3 سے 4 ستمبر کے دوران 9 لاکھ سے 9 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک کے ریلے پنجند ہیڈ ورکس سے گزریں گے،ممکنہ نقصان کے خطرے کے پیش نظر بند توڑ کے بہاؤ کا رخ بدلنے کی صورت میں 8 لاکھ 25ہزار سے 9 لاکھ کیوسک کے ریلے متوقع ہے، گڈوبیراج پر 5 سے 6 ستمبر کے دوران 8لاکھ سے 11 لاکھ کیوسک بہاؤ متوقع ہے۔

(جاری ہے)

خطرناک صورتحال سے بچاؤ کے لئے بند ٹور کر پانی کا رخ موڑنے کی صورت میں بہاؤ کمی کے ساتھ 7لاکھ 50ہزار سے 9 لاکھ کیوسک ہو جائے گا۔

مجموعی طور پر بہاؤ 12 لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتا ہے جو انتہائی اونچے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا کرے گا۔ سکھربیراج میں 6تا 7ستمبر کے دوران8لاکھ سے 11 لاکھ کیوسک کا بہاؤ متوقع ہے۔ کوٹری بیراج میں 8 تا 9 ستمبر کے دوران 8لاکھ سی10 لاکھ کیوسک بہاؤ متوقع ہے۔این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ 12 تا 13 ستمبر تک ہائی الرٹ پر رہیں۔ دریائے سندھ کے نشیبی علاقوں میں شدید اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔

بالائی علاقوں میں موجود شدید بہاؤ نشیبی علاقوں میں اونچے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا کر سکتا ہے۔نشیبی اور دریائی علاقے خطرے میں اوور فلو، بند ٹوٹنے اور علاقے زیر آب آنے کا خدشہ۔ فوری اقدامات کریں،سیلابی ریلوں کے باعث زرعی اراضیاں، قریبی آبادیاں، دیہات اور تعمیرات متاثر ہو سکتی ہیں۔سیلاب سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اپنائیں، انخلائ کے لئے تیار رہیں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے تمام ریسکیو و ریلیف سرگرمیاں کی نگرانی کر رہا ہے،نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر 24 گھنٹے کے لئے مکمل فعال ہے،این ڈی ایم اے سول و عسکری اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے ،دریاؤں کے کناروں اور واٹر ویز پر رہائش پذیر افراد فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں اور ہنگامی حالات میں امدادی ٹیموں سے رابطہ کریں۔سیلاب زدہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں۔ ہنگامی کٹ (پانی، خوراک، ادویات) تیار رکھیں اور اہم دستاویزات محفوظ کریں۔مزید رہنمائی کے لئے این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کریں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات