Live Updates

/ فیصل آباد، موجودہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر فیصل آباد ڈویژن میں فلڈ ریلیف کیمپس مکمل طور پر فعال ہیں ،احمد عزیز تارڑ

جمعہ 29 اگست 2025 22:35

د* فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اگست2025ء) سیکرٹری لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب احمد عزیز تارڑ کی ہدایات پر موجودہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر فیصل آباد ڈویژن میں فلڈ ریلیف کیمپس مکمل طور پر فعال ہیں جہاں محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ تین شفٹوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ ان فلڈ ریلیف کیمپس میں سیلاب سے متاثرہ جانوروں کے علاج و معالجہ کے لیے ضروری ادویات، فرسٹ ایڈ سہولیات، ویکسینیشن، تازہ سبز چارہ اور ونڈے کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے اور موبائل ویٹرنری ڈسپنسریاں بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مویشی پال حضرات کو سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔

فیلڈ سروسز کے تسلسل اور معیار کو برقرار رکھنے کے لئے محکمہ لائیوسٹاک کے اعلیٰ افسران کی جانب سے انسپیکشنز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

اسی سلسلے میں ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے ضلع چنیوٹ کے مختلف فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا۔انہوں نے اسلامیہ کالج چنیوٹ، حماد عزیز ہائی سکول لالیاں، پیر پنچا لالیاں، دوست محمد برج بھوانہ اور دیوان خاص مارکی بھوانہ فلڈ ریلیف کیمپس سمیت قریبی سیلاب زدہ دیہات کا معائنہ کیا۔

انہوں نے عملے کی حاضری، ادویات،چارہ کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا اور عملے کو ہدایت کی کہ وہ ہنگامی صورتحال میں جانوروں کے تحفظ اور علاج کے لئے ہر دم چوکس و متحرک رہیں۔مزید برآں ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے سیلاب سے متاثرہ دیہات میں موجود کسانوں سے ملاقات کی۔ کسانوں نے محکمہ کی بروقت خدمات اور عملی اقدامات پر اطمینان اور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ مشکل وقت میں ان کے ساتھ ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک کسان بھائیوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا اور کسی کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ حکومت اور ادارے مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کریں گے اور ہر ضرورت کے وقت آپ کے ساتھ کھڑے رہیں گی
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات