Live Updates

بارشوں کے باعث پشاور کے بڈنی نالہ میں سیلابی صورتحال

ہفتہ 30 اگست 2025 13:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ بارشوں کے باعث پشاور کے بڈنی نالہ میں سیلابی صورتحال ہے جبکہ پیر بالا اور درمنگی کے مقام پر سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری فلڈ الرٹ کے مطابق بڈنی نالہ درمنگی کے مقام پر پانی کا اخراج 11900 جبکہ پیر بالا کے مقام پر 9000 کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے. بڈنی نالہ کے مختلف مقامات پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔

پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ نے صورتحال پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے جبکہ ریسکیو ٹیمیں الرٹ ہیں۔ نالہ کے قریب رہنے والے شہری آبادی کا فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے کے مطابق بڈنی نالہ میں شدید اخراج کے باعث نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام پیشگی اقدامات کرنے اور تمام وسائل ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ مقامی ندی، نالوں اور دریاؤں سے دور رہیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام کو باخبر رکھنے کےلیے مساجد میں اعلانات کئے جا رہے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :