انسداد دہشتگردی عدالت لاہور،جناح ہائوس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کے بھانجے شاہ ریز خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

ہفتہ 30 اگست 2025 13:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) لاہورکی انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے نو مئی کے جناح ہا ئوس حملہ کیس میں بانی تحریک انصاف کے بھانجے شاہ ریز خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا، عدالت نے پولیس کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو جیل حکام کے حوالے کرنے کا حکم سنایا۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

ہفتے کے روز سماعت پر پولیس نے شاہ ریز خان کو آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا اور مزید ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شاہ ریز خان کے مزید ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔بعد ازاں عدالت نے پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔واضح رہے کہ تھانہ سرور روڈ پولیس نے نو مئی جناح ہائوس حملہ کیس میں شاہ ریز خان کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ شاہ ریز خان کی پیشی پر بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان و عظمیٰ خان ،علی امتیازوڑائچ اور ملک کرامت علی کھوکھر سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔