Live Updates

سیالکوٹ میں دفعہ 144 نافذ ،شہریوں کو پلوں اور پانی کے مقامات کے قریب جانے سے روک دیا گیا

ہفتہ 30 اگست 2025 14:43

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ نے شہر میں دفعہ 144 نافذ کر دی، عوام کو پلوں، بیراجوں اور دیگر پانی کے مقامات پر جانے سے روک دیا گیا۔ ہفتہ کو ترجمان سیالکوٹ پولیس خرم شہزاد نے کہا بتایا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث شہر اور گردونواح کے ندی نالوں میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہریوں کو خبردار کیا کہ کسی بھی صورت میں پلوں، بیراجوں اور دیگر پانی کے مقامات کے قریب نہ جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاپرواہی نہ صرف اپنی جان کے لیے خطرہ بن سکتی ہے بلکہ ریسکیو اور دیگر اداروں کے لیے مشکلات پیدا کرتی ہے۔ترجمان نے واضح کیا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف کسی رعایت کے بغیر مقدمات درج کیے جائیں گے۔ پولیس نے ہدایت کی ہے کہ شہری انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور غیر ضروری طور پر متاثرہ علاقوں کا رخ کرنے سے اجتناب کریں تاکہ کسی بھی بڑے سانحے سے بچا جا سکے۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :