جیکب آباد، جوا کے اڈے پر چھاپہ مارنے والے دو پولیس اہلکار معطل، شہریوں میں تشویش کی لہر

ہفتہ 30 اگست 2025 15:36

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء) جیکب آباد، جوا کے اڈے پر چھاپہ مارنے والے دو پولیس اہلکار معطل، شہریوں میں تشویش کی لہر۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد پولیس کا انوکھا کارنامہ سامنے آیا ہے جوا کے اڈے پر چھاپہ مارنے والے دو پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ، ایس ایس پی جیکب آباد محمد کلیم ملک نے پولیس اہلکاروں الطاف چانڈیو اور محرم لاشاری کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں دونوں اہلکاروں نے ڈی ایس پی سٹی کی نگرانی میں 23 اگست کو پولیس نفری کے ہمراہ ڈی سی آفس روڈ پر واقع جوا کے اڈے پر چھاپہ مارا تھا کارروائی کے دوران 15 سے زائد افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے تاش، شیشہ اور جوا پر لگی رقم برآمد کی گئی تھی ، ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد شہر کی بااثر شخصیات چیمبر آف کامرس کے صدر احمد علی بروہی اور ہندو پنچائت کے صدر لعل چند سیتلانی کی مداخلت پر گرفتار افراد کو رہا کر دیا گیا بعد ازاں انہی رہنماؤں نے پولیس چھاپے میں شریک اہلکاروں کے خلاف ایس ایس پی کو شکایت درج کرائی اور دباؤ ڈالا کہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے اسی دباؤ کے نتیجے میں ایس ایس پی نے دونوں اہلکاروں کو معطل کر دیا، شہری حلقوں نے اس فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سماجی برائیوں کے خلاف کارروائی کرنے والے اہلکاروں کو سزا دی جائے گی تو پولیس کا مورال کمزور ہوگا اور جرائم و سماجی برائیوں میں مزید اضافہ ہوگا ، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ معطل کیے گئے اہلکاروں کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور جوا کے اڈوں اور دیگر سماجی برائیوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔