پ*لاہور میں مون سون کی نویں بارش، ضلعی انتظامیہ اور پولیس ہائی الرٹ

ی*ڈپٹی کمشنر اور سی ٹی او کی فیلڈ میں موجودگی، نکاسی آب اور ٹریفک کیلئے ہدایات جاری

ہفتہ 30 اگست 2025 18:25

/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2025ء) لاہور میں مون سون بارشوں کے نویں سپیل نے شہری زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس ہائی الرٹ پر ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں اور قرطبہ چوک سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور واسا حکام کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور نکاسی آب کے عمل کو ہر صورت فعال رکھنے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ واسا تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو پوری استعداد پر چلائے، بارش کے بعد متاثرہ علاقوں کی فوری کلیئرنس کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور افسران و عملہ نکاسی آب مکمل ہونے تک فیلڈ میں موجود رہیں۔دوسری جانب سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے بارش کے دوران ٹریفک وارڈنز کو شہریوں کی مدد کو ترجیح دینے اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام لفٹرز اور بریک ڈاؤن گاڑیوں کو نشیبی علاقوں میں موجود رہنے کی ہدایت دی۔سی ٹی او نے شہریوں کو بارش کے دوران محتاط ہو کر ڈرائیونگ کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔ شہریوں کو بجلی کی تنصیبات اور پولز سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ مزید برآں، تمام ڈی ایس پیز کو واسا اور دیگر محکموں سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سی بھی قسم کی رہنمائی اور مدد کے لیے شہری ہیلپ لائن 15 پر کال کر سکتے ہیں۔