Live Updates

/پنجاب میں سیلاب سے نمٹنے کیلئے پاک فوج پیش پیش: جھنگ، فیصل آباد، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھرپور ریسکیو آپریشن جاری

۔پاک فوج نے جھنگ اور فیصل آباد کے تین مختلف مقامات پر حفاظتی بندوں میں شگاف ڈال کر پانی کے بہاؤ کو نیچے کی طرف منتقل کیا

ہفتہ 30 اگست 2025 18:25

)جھنگ/فیصل آباد (آن لائن) پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پوری قوت سے جاری ہیں۔ جھنگ، فیصل آباد، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پاک فوج کے دستے مقامی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر متاثرہ آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔فیصل آباد کے متاثرہ دیہات سے اب تک 15,800 میں سے 14,050 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے جن میں بزرگ شہری، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

شدید متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں کی مدد سے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔پاک فوج نے جھنگ اور فیصل آباد کے تین مختلف مقامات پر حفاظتی بندوں میں شگاف ڈال کر پانی کے بہاؤ کو نیچے کی طرف منتقل کیا، جس سے تقریباً 1 سے 1.5 لاکھ کیوسک پانی نکالنے میں مدد ملی اور کئی بستیاں بڑے نقصان سے بچ گئیں۔

(جاری ہے)

تاندلیانوالہ تحصیل میں متاثرین کیلئے 5 ریلیف کیمپس، 18 میڈیکل کیمپس اور 6 ریسکیو کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں جہاں متاثرین کو خوراک، شیلٹر اور مفت طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

اسی طرح ٹوبہ ٹیک سنگھ میںبھی پاک فوج نے ریسکیو 1122 کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے مشترکہ ریلیف کیمپس قائم کیے ہیں جہاں پانی کی نکاسی اور متاثرہ آبادی کی فوری امداد پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔عوام کی جانب سے پاک فوج کے بروقت اور مؤثر ریسکیو آپریشنز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے، جنہوں نے ایک بار پھر قدرتی آفت کی گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا۔حکام کے مطابق ریلیف سرگرمیوں کو مزید تیز کر دیا گیا ہے تاکہ متاثرین کی فوری ضروریات کو پورا کیا جا سکے اور ممکنہ جانی و مالی نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات