بانی پی ٹی آئی کی 2 سالہ میڈیکل ہسٹری عدالت میں پیش

ہفتہ 30 اگست 2025 19:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی میں اڈیالہ جیل انتظامیہ نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی 2 سالہ میڈیکل ہسٹری پیش کردی۔اے ٹی سی راولپنڈی میں جج امجد علی شاہ نے بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی علیمہ خان کی درخواست پر سماعت کی۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ پیش کی، جس میں 2 سالہ میڈیکل ہسٹری بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

جیل انتظامیہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کا ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج جاری ہے، قیدی کو دانتوں، کان، ناک، گلے، آنکھوں، ہڈیوں سمیت کئی طبی شکایات رہی ہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ماہرین امراض چشم، آرتھو پیڈک سرجن اور ای این ٹی ماہرین نے متعدد بار معائنہ اور علاج کیا کیونکہ قیدی کی کولیسٹرول کی سطح بڑھی تھی۔جیل انتظامیہ کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کا کولیسٹرول کی سطح بڑھنے کا علاج جاری ہے، جیل اسپتال کی جانب سے تمام تجویزکردہ علاج اور ادویات بروقت فراہم کی جاتی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 12 اگست کو بھی بانی پی ٹی آئی کا 4 رکنی ڈاکٹرز نے طبی معائنہ کیا تھا، اس کے بعد جج نے سماعت یکم ستمبر تک ملتوی کردی۔