ڈپٹی کمشنر کچھی کی زیر صدارت عوامی مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد

ہفتہ 30 اگست 2025 20:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) چیف سیکرٹری بلوچستان کی خصوصی احکامات کے مطابق ہفتہ کو سب ڈویژن مچھ میں ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن ریٹائرڈ جمعداد خان مندوخیل کی زیر صدارت عوامی مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا کھلی کچہری میں ایف سی غزہ بند اسکاوٹس کے ونگ کمانڈر، اسسٹنٹ کمشنر مچھ، پولیس ، لیویز دیگر سول و انتظامی آفیسران موجود تھے۔

کھلی کچہری میں شہریوں کی جانب سے مختلف محکمہ جات میں درپیش مسائل کے متعلق آگاہی فراہم کی ڈپٹی کمشنر کچھی نے سائلین کے مسائل سنے اور انہیں مختلف محکمہ جات کے آفیسران کی موجودگی میں حل کرنے کے احکامات جاری کئے ، ڈپٹی کمشنر کچھی نے منعقدہ کھلی کچہری سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم شہریوں کےبنیادی مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاتے ہیں سائلین کو ریلیف دیکر عوامی خدمت کو یقینی بنارہے ہیں آسان رسائی کے تحت مسائل سن رہے ہیں اور لوگوں کے مسائل کے بارے میں باقاعدہ متعلقہ محکموں سے فالو اپ بھی لیا جارہا ہے تاکہ شہریوں کے جملہ مسائل کا حل یقینی بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن ریٹائرڈ جمعداد خان مندوخیل کا کہنا تھا کہ آفیسران عوام کے خادم ہیں ضلع کچھی کے تمام محکمہ جات ان سے متعلق عوامی شکایات دور کرنے کیلئے فی الفور اقدامات اٹھائے جائیں گے اور ہرممکن طور پر عوام کو بھرپور ریلیف دی جائے گی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کوتاہی برتنے والے آفیسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج کی کھلی کچہری میں عوامی شکایات کو سن کر ان کو حل کرنے کیلئے موقع پر متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کر دیئے گئے ۔