امریکا یوکرین کو امداد فراہم نہیں کر رہا، نیٹو کو سازوسامان فروخت کر رہا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

اتوار 31 اگست 2025 09:50

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اب یوکرین کو کسی قسم کی مالی یا فوجی امداد فراہم نہیں کر رہا اور نہ ہی اسے براہِ راست فوجی سازوسامان دیا جا رہا ہے۔ تاس کے مطابق امریکی صدر نے کہا ہے کہ ہم اس جنگ میں سینکڑوں ارب ڈالر خرچ کر رہے تھے، لیکن اب ہم صرف نیٹو کو سازوسامان فروخت کر رہے ہیں۔

میں نے انہیں دو فیصد سے پانچ فیصد (جی ڈی پی کا) بجٹ مختص کرنے پر آمادہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاہم نیٹو کو فروخت کرتے ہیں، یوکرین کو نہیں۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ماہ 14 جولائی کو ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ یوکرین کو ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی فراہمی جاری رکھے گا، بشرطیکہ یورپی ممالک ان اخراجات کو برداشت کریں۔ اس عمل کی نگرانی نیٹو کرے گا۔دوسری جانب ماسکو کئی بار واضح کر چکا ہے کہ مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی اور فوجی تربیت کی حمایت نہ صرف جنگ کو طول دے رہی ہے بلکہ میدان جنگ میں صورتحال کو بدلنے میں بھی ناکام ہے۔