وفاقی دارالحکومت کے 9 پولیس تھانوں کی تعمیر کیلئے 873 ملین روپے کے ٹینڈر جاری

اتوار 31 اگست 2025 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 تھانوں کی تعمیرکیلئے 873 ملین روپے کے ٹینڈر جاری کر دیئے گئے ہیں۔ اتوار کو پولیس حکام کے مطابق تھانہ ہمک، لوئی بھیر، کرپا، کھنہ، کورال، نیلور، پھولگراں، سنگجانی اور شمس کالونی کی تعمیر کے لیے ٹینڈرز جاری کر دیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد پولیسنگ کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانا اور شہریوں کو دارالحکومت کی بڑھتی ہوئی شہری ضروریات کے مطابق بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، ہر منصوبے کی تخمینہ لاگت 95.196 ملین روپے ہے جبکہ کورال پولیس سٹیشن کے لیے 111.30 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، ٹینڈرز سی ڈی اے کے پروکیورمنٹ اینڈ کنٹریکٹس ونگ کے تحت آتے ہیں جس میں بولی 22 سے 26 ستمبر 2025 تک ہوگی، نئے تھانوں کو جدید ڈیزائن اور سہولیات کے ساتھ تعمیر کیا جائے گا جس سے عوامی مسائل کو موثر طریقے سے حل کرنے اور کمیونٹی پولیسنگ کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

سٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کھنہ عامر حیات نے ’’اے پی پی ‘‘ کو بتایا کہ نئی عمارت کی تعمیر سے شہریوں کو دوستانہ اور صاف ستھرا ماحول ملے گا اور پولیس ٹیم کے حوصلے بلند ہوں گے۔ اسی طرح ایس ایچ او شمس کالونی شاہنواز ڈوگر نے ’’اے پی پی ‘‘ کو بتایا کہ ایک جدید اور بہترین پولیس سٹیشن وقت کی ضرورت ہے کیونکہ یہ شہریوں کو باوقار طریقے سے بیٹھنے اور مختلف سیکشنز کے لیے الگ الگ کاؤنٹرز کے ذریعے آسانی سے خدمات تک رسائی فراہم کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کا جدید انفراسٹرکچر نہ صرف عوام کو سہولت فراہم کرے گا بلکہ اسلام آباد میں پولیس فورس کی مجموعی کارکردگی میں بھی اضافہ کرے گا۔اس حوالہ سے کھنہ تھانے کی حدود کے رہائشی راجہ طاہر آزاد نے نئی عمارتوں کی تعمیر کو ایک مثبت قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کھنہ پولیس سٹیشن کی حالت برسوں سے ابتر ہو چکی ہے اور نئی جدید سہولت سے رہائشیوں کو بہت فائدہ ہو گا۔