Live Updates

مفتی محمود سکول اینڈ کالج آڈیٹوریم ہال میں تقریب ، متاثرین سیلاب میں امدادی چیکس کی تقسیم

اتوار 31 اگست 2025 15:30

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) حالیہ طوفان اور بارش سے متاثرہ افراد اور گھروں کو نقصان ہونے والے افراد میں امدادی چیکس کی تقسیم کے سلسلے میں مفتی محمود سکول اینڈ کالج آڈیٹوریم ہال میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عبدالناصر خان، تحصیل میئر عمر امین خان گنڈاپور، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عدنان جمیل، اسسٹنٹ کمشنرزاور محکمہ مال کے عملے سمیت متاثرین نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل میئر عمر امین گنڈاپور نے کہا کہ حالیہ طوفان اور بارش سے جو حادثات پیش آئے وہ بہت افسوسناک ہیں، شہدا کے بلند درجات اور زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے دن رات کاوش کی بہت جلد رسپانس دیا اور سروے بھی مکمل کیا گیا اور اسکے ساتھ ساتھ 24گھنٹے کے اندر امدادی رقوم کی تقسیم کا آغاز بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

طوفان اور شدید بارشوں سے جو انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا اس کی بحالی بھی ایک چیلنج تھا اور اس معاملے میں بھی بحالی کے کاموں کا فوری آغاز کیا گیا تاکہ عوام کو درپیش تکالیف کا ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی عوام بھی خراج تحسین کی مستحق ہے جنہوں نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا اور لوگوں نے ایک دوسرے کی مشکل میں ساتھ دیا۔

اس موقع پر میڈیا بریفنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر عبدالناصر خان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر بروقت اقدامات کو یقینی بنایا گیا تمام متعلقہ محکمے الرٹ تھے اور اپنی خدمات احسن طریقے سے سرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ طوفان اور بارش کے بعد جلد سروے کا عمل مکمل کیا گیا، تحصیل کلاچی میں گھروں کو نقصان ہونے والے29 افراد،ڈیرہ اسماعیل خان میں 7مکمل ڈیمج اور 37جزوی نقصان والے گھروں کے افراد میں امدادی چیکس تقسیم کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ تحصیل پہاڑپور میں سروے جاری ہے کیونکہ جو پہلی لسٹ موصول ہوئی ہے اس میں موجود کمی کو دور کیا جا رہا ہے اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی چند مقامات پر سروے رہتا ہے جو دو سے تین روز میں مکمل کر لیا جائیگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے ریلیف اکانٹ میں پہلے سے بھی کچھ رقم موجود تھی جبکہ صوبائی حکومت نے 20کروڑ پہلے بھجوائے ہیں اور 10کروڑ مزید بھی بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مکمل طور پر تباہ ہونے والے گھروں کے افراد کو 10لاکھ، جزوی نقصان پر3لاکھ جبکہ زخمی افراد میں 5لاکھ فی کس تقسیم کیے گئے ہیں۔تقریب کے اختتام پر متاثرہ افراد میں امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کیے گئے۔\378
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات