وزیر اعلیٰ سندھ کا سکھر بیراج کا دورہ ، پانی کی صورتحال اور ایمرجنسی انتظامات پر بریفنگ دی گئی

اتوار 31 اگست 2025 17:30

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سکھر بیراج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پانی کی پوزیشن اور ایمرجنسی انتظامات کا جائزہ لیا ۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزرا ، شرجیل میمن، ناصر شاہ اور جام خان شورو بھی تھے۔ وزیراعلیٰ کو صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو اور سیکریٹری آبپاشی ظریف کھیڑو نے پانی کی صورتحال اور بندوں کی پوزیشن کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

وزیراعلیٰ کو سندھ بیراجز امپروومنٹ پروجیکٹ (SBIP) رپورٹ پر بھی بریفنگ دی گئی ۔ بریفنگ میں کہا گیاکہ سکھر بیراج کی بحالی اور جدید کاری کے کام تیزی سے جاری ہیں، یہ منصوبہ عالمی بینک اور حکومتِ سندھ کی مشترکہ فنڈنگ سے مکمل کیا جا رہا ہے، سکھر بیراج کا کنٹریکٹ 24 اکتوبر 2022 کو دیا گیا تھا، سکھر بیراج پر عملی کام 24 فروری 2023 کو شروع ہوا۔

(جاری ہے)

محکمہ آبپاشی سندھ کی برفنگ میں کہا گیا کہ منصوبے کی اصل مدت 1260 دن مقرر تھی، جسے اب بڑھاکر 1285 دن کر دیا گیا ہے ،سکھر بیراج کی تکمیل کا نیا ہدف 30 جون 2027 مقرر کیا گیا ہے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے پر چائنا روڈ اینڈ برج کارپوریشن اور ہوبئی شُوئیوَن واٹر ریسورسز اینڈ ہائیڈرو پاور کنسٹرکشن کمپنی (جوائنٹ وینچر) کام کر رہی ہیں ۔2026 اور 2027 کے دوران گیٹس، برج اور دیگر سول اسٹرکچر کی مرمت مکمل کرنے کا ہدف ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بیراجز سندھ کی زرعی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان کی مرمت و تحفظ میں کوتاہی نہیں ہونی چاہئے ۔