ڈی پی او آفس کے پی اے کے نوجوان بیٹے کا اندھا قتل ٹریس ،ملزمان گرفتار

اتوار 31 اگست 2025 17:50

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)صوابی پولیس نے ڈی پی او آفس کے پی اے سپرنٹنڈنٹ کے نوجوان بیٹے کے اندھے قتل کو ٹریس کرکے ملزمان کو آلہ قتل سمیت گرفتارکر لیا، اس سلسلے میں ڈی ایس پی سرکل صوابی سٹی اعجاز آبازئی نے ایس ایچ او سیدالامین کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ تھانہ صوابی میں مدعی امتیاز حسین نے ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ اسے اطلاع ملی کہ اس کے بیٹے محمد امام حسین کو نامعلوم افراد نے قتل کر دیا ہے۔

واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او صوابی ضیا الدین احمد نے ایس پی انوسٹی گیشن افتخار خان کی سربراہی میں خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی جس میں ڈی ایس پی سٹی اعجاز آبازئی، ایس ایچ او تھانہ صوابی سید الامین خان، انچارج انوسٹی گیشن نمیر خان اور انچارج چوکی بام خیل عامر خان معہ دیگر پولیس افسران شامل تھے۔

(جاری ہے)

ٹیم کو ملزمان کی گرفتاری اور اصل حقائق منظر عام پر لانے کا ٹاسک حوالہ کیا گیا۔

تفتیشی ٹیم نے جدید خطوط پر تحقیقات کرتے ہوئے اصل ملزمان بلال شیر ولد عالم شیر خان اور آفتاب ولد فاروق محمد ساکنان بام خیل کا سراغ لگا کر گرفتار کر لیا۔ دورانِ انٹاروگیشن ملزمان نے انکشاف کیا کہ ملزم آفتاب اور مقتول امام ولد امتیاز حسین کے مابین دلبدی تھی اسی رنجش کے باعث ملزمان نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت امام حسین کو قتل کر دیا۔پولیس نے آلہ قتل پستول اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل برآمد کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔