کراچی کی تاریخی جامع مسجد آرام باغ میں حضرت امام جزولی کا سالانہ عرس عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد

علما و مشائخ کی بڑی تعداد میں شرکت، عشقِ رسول ﷺ اور اتحادِ امت پر زور، میزبان صوفی ہارون ابدانی نے شکریہ ادا کیا

اتوار 31 اگست 2025 19:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)کراچی کی تاریخی جامع مسجد آرام باغ میں عظیم صوفی بزرگ حضرت امام ابو عبداللہ محمد بن سلیمان الجزولی علیہ الرحمہ کے سالانہ عرس کی پرنور اور روحانی محفل نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی جس میں کثیر تعداد میں علما، مشائخ اور عاشقانِ رسول ﷺ شریک ہوئے۔ اس بابرکت اجتماع کی صدارت مفتی محمد الیاس رضوی نے کی جبکہ خصوصی خطابات مفتی محمد اکمل قادری، علامہ رضوان قادری، علامہ غلام جیلانی اشرفی اور صاحب زادہ فرید الدین قادری نے کیے۔

مقررین نے امام جزولی کی علمی و روحانی خدمات، عشقِ رسول ﷺ سے معمور زندگی اور ان کی مشہور کتاب دلائل الخیرات کی عظمت و اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ علما نے کہا کہ امام جزولی کی تعلیمات آج بھی اہل ایمان کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں، ان کی تحریریں اور دعائیں دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں میں عشق و محبتِ مصطفی ﷺ کی شمع فروزاں کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

عرس کی محفل میں مہمانانِ گرامی کے طور پر علامہ سید شجاع الحق شاہ ہاشمی، علامہ محمد اکبر شاہوانی، صوفی محمد اسحاق اشرفی، علامہ اسحاق خلیلی، حافظ عامر اشرفی، علامہ عنایت اللہ نعیمی، محمد شہزاد ہارون، محمد شیراز ہارون، محمد اسماعیل لالپوریہ اور دیگر شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔ محفل کے دوران نعتیہ کلام پیش کیے گئے، درود و سلام کی گونج سے ماحول معطر ہوگیا اور روحانی کیفیات نے حاضرین کے دلوں کو منور کردیا۔

آخر میں ملک و ملت کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد و استحکام، شہدائے اسلام کے بلندی درجات اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی مدد و نصرت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر محفل کے میزبان صوفی ہارون ابدانی نے تمام مہمانانِ گرامی علما و مشائخ اور شرکائے محفل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی روحانی محافل ہمیں اولیائے کرام کی تعلیمات پر عمل کرنے، محبتِ رسول ﷺ کو اپنا سرمایہ حیات بنانے اور اتحاد و اخوت کے جذبے کو فروغ دینے کا پیغام دیتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :