ایس ایس پی آپریشنز محمد شعیب خان کا کھنہ تھانے کا اچانک دورہ

اتوار 31 اگست 2025 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب خان نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کھنہ تھانے کا اچانک دورہ کیا اور تھانے کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اتوار کو پولیس حکام نے بتایا کہ اس موقع پر ایس ایس پی نے تھانے میں موجود شہریوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بروقت سہولیات کی فراہمی اور ان کی شکایات کا فوری ازالہ اسلام آباد پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ایس ایس پی نے ہدایت کی کہ ہر شکایت کنندہ کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے، شفافیت اور انصاف کو یقینی بنایا جائے اور شکایات پر فوری ردعمل دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حوالات کا بھی دورہ کیا، زیر حراست افراد سے ملاقات کی اور پولیس کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔

اس موقع پر انہوں نے تفتیشی افسران کو ہدایت کی کہ تمام کیسز کی تفتیش میرٹ پر کی جائے اور چالان عدالتوں میں بغیر تاخیر جمع کروائے جائیں تاکہ بروقت انصاف کی فراہمی ممکن ہو۔ایس ایس پی محمد شعیب خان نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کا مقصد قانون کے مطابق شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی ہے۔ تھانہ سطح پر شفاف اور عوام دوست ماحول کا فروغ عوامی اعتماد کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اولین ترجیح ہے۔دوسری جانب ایک شہری راجہ طاہر آزاد نے اے پی پی کو بتایا کہ کھنہ تھانے کی حوالات کی حالت انتہائی خستہ ہے اور اس میں بہتری کی ضرورت ہے جبکہ تھانے کی عمارت بھی اتنی چھوٹی ہے کہ وہ اس بڑے علاقے کے لیے ناکافی ہے۔

متعلقہ عنوان :