Live Updates

متاثرہ اضلاع میں ہنگامی بنیادوں پر میڈیکل ریلیف کے انتظامات یقینی بنائے جائیں،وزیرصحت بلوچستان کی ہدایت

اتوار 31 اگست 2025 21:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ کی زیر صدارت صوبے میں سیلابی صورتحال اور میڈیکل ریلیف اقدامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن، ڈائریکٹر جنرل صحت بلوچستان ڈاکٹر امین مندوخیل، ڈائریکٹر ایم ایس ڈی، ایم این سی ایچ، نیوٹریشن، پبلک ہیلتھ، پی ڈی ایس آر یو، ای پی آئی اور بلوچستان ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (BHMIS) کے افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں پی ڈی ایم اے، پی پی ایچ آئی، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، MERC اور دیگر شراکت دار اداروں کے نمائندوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کو صوبے میں حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال، متاثرہ علاقوں کی ضروریات اور دستیاب وسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈیرہ مراد جمالی، اوستہ محمد اور دیگر متاثرہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (ڈی ایچ اوز) اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس (ایم ایس) نے آن لائن شرکت کر کے اپنے علاقوں کی زمینی صورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیر صحت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام متاثرہ اضلاع میں ہنگامی بنیادوں پر میڈیکل ریلیف کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ادویات اور ویکسین کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو اور تمام بنیادی مراکز صحت (BHUs)، رورل ہیلتھ سینٹرز (RHCs) اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کو الرٹ رکھا جائے۔مزید برآں، وزیر صحت بلوچستان نے ہدایت کی کہ فلڈ ایمرجنسی کمیٹی تشکیل دی جائے جس کے سربراہ ڈائریکٹر ایم ایس ڈی ڈاکٹر میر یوسف ہوں گے یہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر اجلاس کرے گی تاکہ سیلابی صورتحال پر نظر رکھی جا سکے اور ایمرجنسی ریسپانس کو مؤثر بنایا جا سکے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کی جائے جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریلیف فراہم کرنے کے لیے تیار رہے۔وزیر صحت نے مزید کہا کہ ڈائریکٹر جنرل صحت بلوچستان فیلڈ میں جائیں گے اور متاثرہ اضلاع کی زمینی صورتحال کا براہِ راست جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں گے تاکہ ریلیف سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

سیکریٹری صحت بلوچستان نے ہدایت کی کہ BHMIS کے ذریعے متاثرہ اضلاع سے روزانہ کی بنیاد پر بیماریوں، کیسز اور دستیاب وسائل کی تفصیلات رپورٹ کی جائیں تاکہ فوری بنیادوں پر فیصلہ سازی کی جاسکے۔اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ وبائی امراض کی نگرانی، سانپ کے کاٹنے کے اینٹی وینم انجیکشن کی فراہمی، موبائل ہیلتھ یونٹس کی تعیناتی، اور 1129 وزیر صحت بلوچستان کنٹرول روم کے ذریعے عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات