کراچی میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام، 5 دہشت گرد گرفتار

ملزمان کا تعلق فتنہ الخوارج اور القاعدہ سے ہے، پڑوسی ملک سے تربیت لی، ترجمان سی ٹی ڈی

اتوار 31 اگست 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)کراچی کے مختلف علاقوں میں سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے نے کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الخوارج اور القاعدہ برصغیر کے 5 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان کے مطابق دہشت گرد پڑوسی ملک سے تربیت یافتہ اور کراچی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ترجمان کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے نے کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان کا تعلق فتنہ الخوارج اور القاعدہ بر صغیر سے ہے۔ترجمان سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ کارروائیاں منگھوپیر اور کشمیر روڈ کے قریب کی گئیں، گرفتار افراد پڑوسی ملک سے عسکری تربیت یافتہ ہیں، ملزمان کراچی میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اللہ نور، سرفراز، سلیم، جہانزیب اور امداد کے ناموں سے ہوئی ہے، جن سے غیرقانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا، جسے فارنزک کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔