Live Updates

بارشوں و سیلابی صورتحال،اربن فلڈنگ کی روک تھام و نکاسی آب آپریشن پر فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں،ترجمان

اتوار 31 اگست 2025 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر صوبہ بھر میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث اربن فلڈنگ کی روک تھام اور نکاسی آب آپریشن کے حوالے سے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ترجمان محکمہ ہائوسنگ کے مطابق پنجاب کی تمام 15واسا ایجنسیاں اپنے اپنے اضلاع میں سٹاف اور مشینری کو مکمل طور پر فعال رکھیں گی جبکہ 10نئی واسا ایجنسیاں اپنے قریبی اضلاع کی موجودہ واسا ایجنسیوں سے رابطہ قائم رکھیں گی۔

سیکرٹری ہاوسنگ نورالامین مینگل نے ڈی جی واسا پنجاب کو تمام ہدایات پر فوری عمل درآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ترجمان کے مطابق ہنگامی صورتحال میں قریبی اضلاع سے مشینری اور عملے کی فوری موبلائزیشن کے لیے جامع پلان ترتیب دیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر رینٹل مشینری کی دستیابی کا بندوبست بھی پہلے سے رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

نکاسی آب آپریشن اور واٹر سپلائی کا نظام بلاتعطل جاری رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق نئی واسا ایجنسیاں پہلے سے موجود ایجنسیوں کے تجربات سے سیکھ کر اپنے پلان ترتیب دیں گی جبکہ تمام ایم ڈی واساز کو اپنے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوںنے واضح کیا کہ ہنگامی صورتحال میں بہترین حکمت عملی اور ٹیم ورک سے ہی عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات