Live Updates

حالیہ موسمی تغیرات کے باعث بیماریاں کے سدباب کے لئے عوام میں شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،ڈاکٹر عامر شہزاد

پیر 1 ستمبر 2025 13:03

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) سینئر میڈیکل آفیسر گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ ڈاکٹر عامر شہزاد نے کہا ہے کہ حالیہ موسمی تغیرات اور ماحولیاتی آلودگی کے باعث مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں جن کے سدباب کے لئے عوام میں شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے نجی میڈیکل کالج میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں اضافہ ہوا ہے جن میں ہیضہ، ڈائریا، ٹائیفائیڈ، ہیپاٹائٹس اے اور ای خاص طور پر شامل ہیں۔

ان بیماریوں کی بنیادی وجہ آلودہ پانی اور صفائی کے ناقص انتظامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ ابلا ہوا یا فلٹر شدہ پانی استعمال کریں اور کھانے پینے کی اشیا کوڈھانپ کر رکھیں تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ پر قابو پایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈینگی بخار کے بڑھتے ہوئے خدشات پر روشنی ڈالیتے ہوئے کہا کہ مون سون کے دوران ڈینگی لاروا کے خاتمے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ گھروں اور گلیوں میں بارش کا پانی کھڑا نہ ہونے دیں، مچھر دانی استعمال کریں اور جسم کو ڈھانپ کر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی بخار کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں مریض کو فوراً قریبی ہسپتال لایا جائے تاکہ بروقت علاج کیا جا سکے۔انہوں نے سانس کی بیماریوں، نزلہ، زکام، دمہ اور الرجی کے بڑھتے ہوئے کیسز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فضائی آلودگی اور گردوغبار ان امراض کو بڑھاوا دیتی ہیں۔

اس سلسلے میں ماسک کے استعمال اور صفائی کو یقینی بنانا نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں اور بزرگوں کو خاص طور پر ان امراض سے بچانے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں کیونکہ ان کا مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے۔سینئر میڈیکل آفیسر نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں جلدی امراض، آنکھوں کے انفیکشن اور معدے کی بیماریاں بھی عام ہو رہی ہیں، ان کے علاج کے لئے وقت پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔ خود سے علاج یا غیر معیاری دواؤں کے استعمال سے گریز کیا جائے کیونکہ یہ امراض کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے۔ سیمینار میں طبی ماہرین، پروفیسرز، طلبہ اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات