یونیورسٹی آف انجینئرنگ لاہور کے الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں میگا کمپیوٹر لیبز کا افتتاح کر دیا گیا

پیر 1 ستمبر 2025 17:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں میگا کمپیوٹر لیبز کا افتتاح وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کیا۔ یہ لیبز 100 کمپیوٹرز اور 14 جدید ایئر کنڈیشنرز پر مشتمل ہیں، جن کا قیام یو ای ٹی کے ایلومینائی کے تعاون سے عمل میں آیا۔

افتتاحی تقریب میں ڈین الیکٹریکل، چیئرمین الیکٹریکل، فیکلٹی ممبران اور صنعتوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ ایلومینائی کا تعاون اس منصوبے میں قابلِ تحسین ہے اور یہ خوش آئند بات ہے کہ لوگ اپنے مادرِ علمی کو یاد رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء کو معیاری لیبز، جدید انفراسٹرکچر، سٹیٹ آف دی آرٹ کلاس رومز، ہاسٹل سہولیات اور بہترین کیمپس لائف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

میگا کمپیوٹر لیبز کے قیام کیلئے ایلومینائی نے مجموعی طور پر 2 کروڑ روپے کی خطیر رقم عطیہ کی۔ منصوبے کے پہلے فیز میں ایلومینائی نے 70 لاکھ روپے عطیہ کیے، جبکہ فیز ٹو کے تحت جدید ایئر کنڈیشنڈ کمپیوٹر لیب ایک کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوئی۔ اظہار گروپ آف کمپنیز نے ڈیڑھ اور دو ٹن کے 14 اے سی عطیہ کیے جبکہ 100 کمپیوٹرز کا عطیہ اظہار گروپ، اتفاق گروپ اور ٹی ایف انڈسٹریز نے کیا۔

اس کے علاوہ ایلومینائی رفعت اعجاز نور نے 4 بائیو میٹرک حاضری سسٹم بھی فراہم کیے۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر شاہد منیر نے بتایا کہ یو ای ٹی لاہور کو پنجاب کی دیگر جامعات کے لیے رول ماڈل قرار دیا گیا ہے۔ حال ہی میں حکومتِ پنجاب نے وائس چانسلر کو خط کے ذریعے رواں برس ریکارڈ داخلوں پر خراجِ تحسین پیش کیا اور ان اقدامات اور پالیسیوں سے آگاہی مانگی جن کے باعث یہ تاریخی داخلے ممکن ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب خلوص، محنت اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔مزید برآں وفاقی حکومت نے یو ای ٹی لاہور کے لیے ساڑھے تین ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دے دی ہے، جو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔ تقریب میں شریک صنعتوں کے نمائندگان نے یقین دہانی کرائی کہ وہ مستقبل میں بھی ڈیپارٹمنٹ کی ترقی اور استحکام کے لیے اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔