الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر انتظام مرکز اسلامی و الخدمت ڈاکٹر عافیہ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

پیر 1 ستمبر 2025 17:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر انتظام "مرکز اسلامی و الخدمت ڈاکٹر عافیہ ہسپتال" کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ الخدمت نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے مختلف ممالک میں انسانیت کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت کی صحت کے شعبے میں خدمات مثالی ہیں جن میں ہسپتال، ڈائیگناسٹک سنٹرز، بیسک ہیلتھ یونٹس، ایمبولینس سروس اور ڈیزاسٹر ریلیف ورک شامل ہیں جو بلاشبہ ایک معیاری اور منظم نظام کی عکاسی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مطلب ہی عشقِ مصطفی ﷺ اور نظامِ مصطفی ﷺ ہے، اگر یہ دونوں چیزیں ہیں تو پاکستان ہے ، دشمن کا مقابلہ کرنے کے لئے اصل معیار طاقت یا تعداد نہیں بلکہ وہ دینی جذبہ ہے جو ہر مسلمان کے دل میں زندہ ہونا چاہئے۔

تقریب میں مولانا عبیدالرحمٰن عباسی (امیر جماعت اسلامی ضلع ایبٹ آباد)، امجد خان جدون (نائب امیر جماعت اسلامی ضلع ایبٹ آباد)، جماعت اسلامی سرکل بکوٹ کے ذمہ داران، مقامی علمائے کرام، سیاسی و سماجی شخصیات اور معززینِ علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔واضح رہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا یہ منصوبہ پٹن کلاں اور گرد و نواح کے ہزاروں مستحق افراد کو صحت کی جدید اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کی طرف ایک بڑی پیشرفت ہے۔