بلوچستان کے 26 اضلاع میں یکم ستمبر سے 7روزہ انسداد پولیو مہم شروع

پیر 1 ستمبر 2025 18:05

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) بلوچستان کے 26اضلاع میں یکم ستمبر سے 7روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 21 لاکھ 79 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیاگیاہے۔ ایمرجنسی آپریشنز سینٹر بلوچستان کے کوآرڈینیٹر انعام الحق کے مطابق مہم صوبے کے جن اضلاع میں شروع کی جارہی ہے ان میں کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، چمن، بارکھان، ڈیرہ بگٹی، حب، جعفرآباد، جھل مگسی، قلات، خضدار، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، مستونگ، نوشکی، نصیرآباد، شیرانی، سبی، صحبت پور، استامحمد، ژوب، موسی خیل، چاغی، دکی، لسبیلہ اور زیارت شامل ہیں۔

انعام الحق نے کہا کہ یہ مہم پولیو وائرس کے خلاف جاری جدوجہد میں ایک اہم قدم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو لازمی ویکسین پلائیں، بصورت دیگر یہ لاعلاج معذوری کا باعث بن سکتا ہے۔ان کے مطابق مہم کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل ہیں ٹیموں کو شہری و دور دراز علاقوں میں متحرک کر دیا گیا ہے۔ مہم میں مجموعی طور پر 8 ہزار933 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں 652 فکسڈ ٹیمیں اور 459 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مہم کی کامیابی عوامی تعاون پر منحصر ہے۔انہوں نے سول سوسائٹی، اساتذہ اور مذہبی رہنماں سے اپیل کی کہ وہ شعور اجاگر کریں اور والدین کو بچوں کی ویکسینیشن کے لیے آمادہ کریں۔انسداد پولیو مہم کے ساتھ ساتھ انعام الحق نے والدین کو حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت بھی یاد دلائی جو بچوں کو 12 مہلک بیماریوں مثلا خسرہ، تپ دق، ہیپاٹائٹس بی اور ڈفتھیریا سے محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ قریبی صحت مرکز جا کر بچوں کو وقت پر تمام ویکسین ضرور لگوائیں۔انہوں نے کہا، بچوں کی صحت کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ایک بچہ بھی اگر پولیو کے قطروں سے محروم رہ جائے تو تمام بچے خطرے میں پڑ جاتے ہیں۔