موجودہ دور میں اعلیٰ حضرت کے مشن عشقِ رسول اللہ ﷺ اور شریعت پر عمل پیرا ہونا ہے،پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین نوری

پیر 1 ستمبر 2025 19:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء) ادارہ تحقیقات رضا اسلامک فورم کراچی کے تحت ایک روزہ پہلی صوبائی امام احمد رضا خاںؒ کانفرنس ’’جامعہ امام اعظم ابوحنیفہؒ اسلامیہ‘‘، نارتھ کراچی میں منعقد ہوئی جس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین نوری صاحب نے کی۔ اس تقریب میں مہمانِ خصوصی مولانا بشیر احمد فاروقی سیلانی صاحب تھے۔

جبکہ خصوصی خطاب علّامہ ڈاکٹر کوکب نورانی اوکاڑوی صاحب نے کیا۔ دیگر مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر مسعود مشکور صاحب، ڈاکٹر مقبول احمد صاحب، ڈاکٹر مظہر شامی صاحب، مفتی نعیم قادری صاحب، مفتی نوید عباسی صاحب، پر وفیسر ڈاکٹر دلاور خان صاحب، مفتی محسن الزماں صاحب، محمد شعیب صدیقی صاحب ڈاکٹر احمد حسن نقشبندی اور مختار احمد خان صاحب نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

جس میں انھوں نے امام احمد رضا خاںؒ کی تصنیفات اور تعلیمات پر روشنی ڈالی اور اُن کے عشقِ رسول اللہ ﷺ پر لکھے گئے اشعار سے مسلمانوں کے دلوں میں عشقِ رسول ﷺ، حُبِّ صحابہ کرامؓ و اہلِ بیت اطہارؓ اور احترامِ اولیاء کرامؒ کا چراغ روشن کیا۔علّامہ ڈاکٹر کوکب نورانی اوکاڑوی صاحب نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ امام احمد رضا خاںؒ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک عطا کردہ نعمت ہیں۔

اعلیٰ حضرت نے اپنی ایک ہزار تصنیفات، فتاویٰ رضویہ اور کنزالایمان ترجمہ قرآن کے ذریعے تحفظ عقید ہ اہل سنّت کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اہلِ سنّت کی اقدار کا تحفظ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اعلیٰ حضرت کی تعلیمات کو عام کرنا ناگزیر ہے۔ تمام محبانِ اعلیٰ حضرت اس بات کا عہد کریں کہ ہم نظریاتی و جغرافیائی تحفظ، اتحادِ اُمّت اور ختم نبوت کے عقیدے پر ہر حال میں قائم رہیں گے۔

انھوں نے حاضرینِ تقریب سے اعلیٰ حضرت کی تصنیف ’’تمہید ایمان‘‘ پڑھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کانفرنس کے صدارتی خطبہ میں پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین نوری صاحب (بانی و سرپرست جامعہ اسلامیہ امام اعظم ابوحنیفہ، نارتھ کراچی اور سابق ڈین کلیہ معارفِ اسلامیہ کراچی یونیورسٹی) نے کہا کہ موجودہ دور میں اعلیٰ حضرت کے مشن عشقِ رسول اللہ ﷺ اور شریعت پر عمل پیرا ہونا ہے۔

اللہ اور اُس کے رسول ﷺ کی اطاعت و پیروی کرنا ہے اور رسول اللہ ﷺ سے محبّت کرنا اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاںؒ نے ہی سکھایا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں بلاسود اسلامی بینکاری، بینکنگ نظام اور اسلامی معیشت کے حوالے سے میزان بینک اور تکافل اسلامی کا ذکر کیا جارہا ہے جبکہ کئی سال پہلے تقریباً ۱۲۴ ہجری میں امام ابوحنیفہؒ نے اسلامک بینکاری کی بنیاد رکھ کر عباسی دور میں عوام کے لیے بلاسود بینکاری کا نظام وضع کیا۔

عباسی دور کے چیف جسٹس امام ابو یوسف جو امام ابوحنیفہ کے شاگردوں میں تھے، خلیفہ ہارون رشید کے لیے ’’کتاب الخراج‘‘ لکھ کر اسلامی ٹیکس و معیشت کی بنیاد رکھی۔ کتاب الخراج عربی زبان میں ہے۔ ڈاکٹر جلال الدین نوری صاحب کی نگرانی میں چھ ڈاکٹر حضرات ’’کتاب الخراج‘‘ پر اُردو زبان میں ترجمہ و تحقیقی خدمات انجام دے رہے ہیں۔خطبہ استقبالیہ جاوید اختر عثمانی صاحب نے پیش کیا۔ پروگرام کے آخر میں ملک پاکستان کی سلامتی اور اس کی بقاء کے لیے دُعا کی گئی۔ ڈاکٹر محمد حسن امام نوری صاحب نے تمام مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ نظامت کے فرا ئض پروفیسر ڈاکٹر محمود عالم جہانگیر نے کی ۔