کے پی کے اسمبلی:پریس،نیوزپیپرز،نیوزایجنسیزاوربکس رجسٹریشن ترمیمی بل مجریہ2025ء اورپراونشل موٹروہیکلزآرڈیننس ترمیمی بل مجریہ2025ء پاس

پیر 1 ستمبر 2025 19:27

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) خیبرپختونخوااسمبلی نے پریس،نیوزپیپرز،نیوزایجنسیزاوربکس رجسٹریشن ترمیمی بل مجریہ2025ء اورپراونشل موٹروہیکلزآرڈیننس ترمیمی بل مجریہ2025ء پاس کرلئے۔ دونوں بلزبالترتیب صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم اور وزیرایکسائز خلیق الرحمن نے منظوری کیلئے پیش کئے جن کی ایوان نے باقاعدہ منظوری دی۔

موٹر وہیکل آرڈیننس ترمیمی بل کے مطابق شہری اپنی پسند کا پرسنلائزڈ رجسٹریشن مارک حاصل کر سکیں گے۔بل کے مطابق رجسٹریشن نمبر گاڑی کی فروخت کے بعد بھی مالک کے پاس رہے گا، تین سال استعمال نہ ہونے پر پرسنلائزڈ رجسٹریشن نمبر منسوخ ہو جائے گا۔ترمیمی بل میں کہا گیا ہے کہ رجسٹریشن نمبر جعلسازی پر بھاری جرمانہ اور گاڑی ضبط کرنے کی سزا مقررجبکہ سالانہ بائیو میٹرک تصدیق کے بعد رجسٹریشن نمبر فعال رہے گا۔

(جاری ہے)

بل کے تحت متعلقہ افسران کو سڑک پر گاڑیوں کی چیکنگ اور تصدیق کا اختیار مل گیا،مالک کی وفات کے بعد گاڑی ان کے ورثا کے نام منتقل ہوگی۔علاوہ ازیں پریس،نیوزپیپرز،نیوز ایجنسیز اوربکس رجسٹریشن ترمیمی بل کے ذریعے ڈیجیٹل،کیبل اورسوشل میڈیا اشتہارات کو قانونی دائرہ کارمیں لایاجائے گا اوراخبارات کی ڈکلریشن دس سال بعد خاندان سے باہر کے افرادکومنتقل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔