وانا ،بڑا سانحہ ٹل گیا، بارود سے بھری گاڑی پکڑی گئی

پیر 1 ستمبر 2025 20:20

وانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)وانا ایک بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پیر کی صبح تقریبا 10بجے ایک مشکوک ڈاٹسن گاڑی لکڑی سے لدی ہوئی علاقہ گژی پزہ میں داخل ہوئی۔ اچانک ڈرائیور گھبراہٹ کے عالم میں ہینڈ گرنیڈ پھینک کر موقع سے فرار ہوگیا ۔اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور گاڑی کی تلاشی شروع کی۔

(جاری ہے)

سرچ آپریشن کے دوران گاڑی سے 7عدد بوشکہ ڈرم اور متعدد گیس سلنڈر برآمد ہوئے، جو کسی بڑے دہشت گردانہ منصوبے کی نشاندہی کرتے ہیں۔حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ گاڑی کو کسی اہم مقام یا ادارے کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔ ڈرائیور کی تلاش تیز کردی گئی ہے اور علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔حکام کے مطابق اگر یہ بارودی مواد کسی آبادی یا حساس مقام تک پہنچ جاتا تو ایک بڑی تباہی رونما ہوسکتی تھی۔