Live Updates

پنجاب کے عوام کو سر چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی ، مریم نواز کشتی رانی میں مصروف ہیں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

پیر 1 ستمبر 2025 20:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کو سر چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی جبکہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کشتی رانی میں مصروف ہیں، لائف جیکٹ پہن کر کشتی میں چکر کاٹنے سے عوام کے دکھوں کا مداوا نہیں ہوسکتا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے کہا کہ وہ علی امین خان گنڈاپور کی طرح فرنٹ سے لیڈ کریں اور سنجیدہ اقدامات اٹھائیں، عوام اپنے پیاروں، گھروں، مال مویشیوں اور فصلوں سے محروم ہوچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز اپنے چچا کی طرح ڈرامہ بازی سے باز آئیں،یہ ٹک ٹاک فالورز بڑھانے کا وقت نہیں بلکہ عملی اقدامات کا وقت ہے،علی امین خان گنڈاپور نے خیبر پختونخوا میں ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کی، اب ریلیف اور بحالی آپریشن کی بھی نگرانی کر رہے ہیں،علی امین خان گنڈا پور نے سیلاب کے شہداء کا پیکج ڈبل کیا ہے اور لواحقین کو چیکس فراہم کیے ہیں۔ اسی طرح زخمیوں اور متاثرہ گھروں کے معاوضے بھی فراہم کئے جارہے ہیں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت پنجاب کے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے بھی تیار ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات