شکردرہ ،دو پک اپ آپس میں ٹکرنے سے 5افراد جاں بحق ،8شدید زخمی ہوگئے

پیر 1 ستمبر 2025 20:45

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے دورافتادہ پہاڑی علاقہ شکردرہ میں دو پک اپ آپس میں ٹکراگئیں جس کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق اور8دیگر شدید زخمی ہوگئے۔یہ بدقسمت افراد مزدور تھے جو شکردرہ میں گولڈ مائننگ پر پابندی کے بعد گھروں کو واپس جارہے تھے۔ابتدائی اطلاعات اور مقامی ذرائع کے مطابق پیر کے روز بعدازسہ پہرشکردرہ سے چند کلومیٹردوربرغدی کلاں روڈ پردو پک اپ گاڑیوں کااس وقت تصادم ہوا جب مبینہ طورپرایک پک اپ کا ایکسل ٹوٹ جانے سے ڈرائیوربے قابو ہوکرمخالف سمت سے آنے والی پک اپ نمبر (پشاور C-4674 ) سے جاٹکرائی جبکہ دوسری کھائی میں گرگئی۔

ریسکیو1122 ترجمان جواد آفریدی کے مطابق حادثہ کے نتیجے میں2 افراد موقع پر جاں بحق اور11 دیگر شدید زخمی ہوگئے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعدڈویژنل ہیڈکوارٹرہسپتال کوہاٹ منتقل کردیاگیا جبکہ مقامی میڈیا کے مطابق حادثہ میں 2افراد موقع پر جاں بحق ہوئے اور3 شدید زخمیوں نے بعدازاں ہسپتال میں دم توڑدیا۔

(جاری ہے)

جاں بحق افرادکی شناخت نہیں ہوسکی تاہم بتایاجاتاہے کہ ایک صوابی کا رہائشی تھا۔

ریسکیو ترجمان کے مطابق زخمیوںکا تعلق وزیرستان‘ ژوب ‘ لکی مروت اورچورلکی کوہاٹ سے ہے جن میں نیک رحمان‘ عبدالغفار ‘ رب نواز ‘ عبدالرؤف ‘ عمران اللہ‘ عبداللہ‘ شیرزمان‘ دلاورخان‘ موسم ‘ طارق اور سید محمد شامل ہیں جن میں تین افراد زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے تاہم فوری طورپر ان کے نامم معلوم نہیں ہوسکے۔