Live Updates

خیبرپختونخواہ اسمبلی میں افغان زلزلہ متاثرین کیلئے خصوصی قرارداد منظور

صوبائی اسمبلی نے افغان زلزلہ متاثرین کو پاکستان میں داخلے اور مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کیلئے قرارداد منظور کر لی

muhammad ali محمد علی منگل 2 ستمبر 2025 00:29

خیبرپختونخواہ اسمبلی میں افغان زلزلہ متاثرین کیلئے خصوصی قرارداد ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم ستمبر2025ء) خیبرپختونخواہ اسمبلی میں افغان زلزلہ متاثرین کیلئے خصوصی قرارداد منظور، صوبائی اسمبلی نے افغان زلزلہ متاثرین کو پاکستان میں داخلے اور مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کیلئے قرارداد منظور کر لی۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ اسمبلی نے پیر کے روز دو اہم قراردادیں منظور کر لیں۔ خیبرپختونخواہ اسمبلی نے افغانستان میں زلزلے سے ہونے والے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کیلیے قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی۔

خیبرپختونخواہ اسمبلی کے اجلاس میں رکن اسمبلی عبدالرحمان کی جانب سے افغانستان میں ہونے والے زلزلے سے نقصان کے حوالے سے قرارداد پیش کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان زلزلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہے۔

(جاری ہے)

قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان ایک برادر اسلامی ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے اپنے افغان بھائیوں کی ہر ممکن مدد کو انسانی، اسلامی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتا ہے۔

قرارداد میں صوبائی حکومت سے زلزلے سے متاثرہ افغان زخمیوں کو فوری اور معیاری طبی سہولیات میں ممکن مدد فراہم کی سفارش کی گئی۔ قرارداد میں کہاگیا کہ صو بائی اور وفاقی حکومتیں باہمی تعاون کے ساتھ امدادی ٹیمیں، ادویات اور دیگر ضروری طبی سامان فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں روانہ کریں۔ ایوان نے بین الاقوامی اداروں سے افغانستان میں زلزلہ متاثرین کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں میں بھر پور تعاون کی اپیل کی۔

اس کے علاوہ صوبائی اسمبلی نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کے حق میں بھی قرار داد منظور کر لی۔ خیبرپختونخواہ اسمبلی میں بانی تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ کے ساتھ رویے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن آصف محسود نے ایوان میں قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے ساتھ غیر قانونی اور انسانی حقوق کے خلاف رویہ اپنایا جارہا ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ بانی چیئرمین کو اخبارات اور ٹی وی تک رسائی حاصل نہیں جبکہ دونوں کو بنیادی سہولیات بھی نہیں دی جارہیں۔ عددی اکثریت کی وجہ سے حکومت کثرت رائے سے قرارداد کو منظور کروانے میں کامیاب ہوگئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات