Live Updates

ٌمحکمہ لائیوسٹاک پنجاب سیلاب سے متاثرہ کسانوں اور اُن کے مال مویشیوںکے تحفظ کیلئے مصروف عمل

پیر 1 ستمبر 2025 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2025ء) محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب سیلاب متاثرہ علاقوں میں الرٹ ہے اور صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے۔ ترجمان محکمہ لائیو سٹاک کے مطابق صوبے بھر میں 469 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں 3030 ملازمین اور 175 موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز تعینات ہیں، ادویات اور ویکسی نیشن کی سہولیات وافر مقدار میں دستیاب ہیں اور اب تک 1,00,157 جانوروں کا علاج جبکہ 5,20,566 جانوروں کی ویکسی نیشن کی جا چکی ہے۔

صرف آج 8,332 جانوروں کا علاج اور 45,732 جانوروں کی ویکسی نیشن کی گئی، مجموعی طور پر 5,56,663 جانور محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔ جانوروں کی خوراک کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن کے تحت اب تک 23,250 بیگز فلڈ ونڈا (10 کلو)، 9,400 بیگز (20 کلو) اور ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے 7,000 بیگز (10 کلو)، 540 بیگز (20 کلو) اور 5,525 بیگز (40 کلو) تقسیم کیے گئے، اسی طرح 211.54 ٹن سبز چارہ، 286.03 ٹن سائیلج اور 82.95 ٹن بھوسہ بھی فراہم کیا گیا جبکہ 176 فلڈ ریلیف کیمپس میں سبز چارہ موجود ہے۔

(جاری ہے)

مزید براں صوبائی فلڈ مانیٹرنگ سیل لاہور میں 24/7 کام کر رہا ہے اور افسران متاثرہ اضلاع کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق صوبائی وزیر لائیوسٹاک و زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے آج سیکرٹری لائیوسٹاک احمد عزیز تارڑ اور محکمے کے افسران کے ساتھ فلڈ ریلیف سرگرمیوں پر آن لائن اجلاس کی صدارت کی اور محکمے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متاثرہ کسانوں اور ان کے مال مویشیوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گی
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات