بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین کی زیرصدارت اجلاس

پیر 1 ستمبر 2025 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ اور سیکرٹری توانائی حکومت بلوچستان محمد داؤدبازئی کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں لیڈا میں سولر پلانٹس کے قیام اور سوئی و قلات میں لو بی ٹی یو گیس کے استعمال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر بلال خان کاکڑ نے کہا کہ حکومت بلوچستان سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کے تحت پائیدار توانائی منصوبوں کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیڈا کے 250 سے زائد فعال صنعتی یونٹس سرمایہ کاروں کے لیے ایک نمایاں مسابقتی برتری فراہم کرتے ہیں، جسے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) ماڈل کے تحت مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قابلِ تجدید توانائی منصوبے خصوصاً سولر، صنعتی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں توانائی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے بھی ناگزیر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہمارا وژن بلوچستان کو توانائی اور صنعتی سرگرمیوں کا مرکز بنانا ہے۔ ہم اپنے مقامی وسائل جیسے سورج کی توانائی اور لو بی ٹی یو گیس کو بروئے کار لا کر پائیدار ترقی حاصل کریں گے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے نئے دروازے کھولیں گے۔اجلاس میں صوبائی ڈائریکٹر محکمہ توانائی نواز بگٹی، (ہاؤس آف کاسب)کے محمد وسیم اصغر اور حیدر، سولر ٹیک پرائیویٹ لمیٹڈ کے زبیراور متحدہ عرب امارات (دبئی) سے رابطہ افسر مظفر نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے بلوچستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔