Live Updates

این ڈی ایم اے کا یکم ستمبر تا3ستمبر تک ممکنہ بارشوں کے باعث متعدد علاقوں کے لیے سیلاب کا الرٹ جاری

پیر 1 ستمبر 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمر جنسی آپریشنز سینٹر نے یکم ستمبر تا3ستمبر تک ممکنہ بارشوں کے باعث متعدد علاقوں کے لیے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا۔پیر کو این ڈی ایم اے کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق یکم تا 3 ستمبر کے دوران ممکنہ بارشوں کے نتیجے میں مشرقی دریائوں کے بہائو میں شدید اضافہ متوقع ہے۔

دریائے ستلج میں اس وقت 2 لاکھ 53 ہزار 68 کیوسک کا غیر معمولی بہائو موجود ہے ۔بالائی علاقوں میں مزید بارش اور ڈیموں سے اخراج کے باعث مزید 3 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا متوقع ہے۔ دریائے راو ی میں جسر کے مقام پر اس وقت 60 ہزار 94 کیوسک کے ساتھ معمول کابہاؤ ہے۔ تھین ڈیم سے پانی کے اخراج اور ممکنہ بارشوں کے باعث جسر کے مقام پر دریائے راوی کا بہاؤ 1 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک متوقع ہے ۔

(جاری ہے)

بالائی علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے باعث دریائے راوی سے منسلک نالے بین، بسنتَر اور ڈیک میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر 94 ہزار 728 کیوسک کے ساتھ نچلی سطح کا بہائو ہے۔جموں و مقبوضہ کشمیر میں بارشوں اور بالائی ڈیمز بشمول سلال، بگلیہار، ڈل ہستی سے اخراج کے باعث بہاؤ میں شدید اضافہ متوقع ہے۔بالائی علاقوں میں بارشوں اور ڈیموں سے اخراج شدہ پانی کی آمد کے باعث مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا باعث بن سکتی ہے،جموں توی اور منورتوی سمیت دریائے چناب کے معاون نالوں بشمول، پلکومیں شدید طغیانی متوقع ہے۔

نشیبی و دریا کناروں کے علاقے زیر آب آنے، پشتوں میں شگاف اور فصلوں و بستیوں کے زیرِآب آنے کا خدشہ ہے، مقامی آبادی، کسان اور متعلقہ ادارے ہائی الرٹ رہیں، بروقت حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے تمام ریسکیو و ریلیف سرگرمیاں کی نگرانی کر رہا ہے ۔نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر 24 گھنٹے کے لئے مکمل فعال ہے۔

این ڈی ایم اے سول و عسکری اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ دریاؤں کے کناروں اور واٹر ویز پر رہائش پذیر افراد فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ ممکنہ طور پر زیر آب آنے کے خطر ے سے دوچار علاقوں کے مکین انخلاء کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں انخلا ء کے بعد عارضی کمپس سے اپنے علاقوں میں واپسی کے لیے اداروں کے ہدایات پر عمل یقینی بنائیں۔مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں اور ہنگامی حالات میں امدادی ٹیموں سے رابطہ کریں۔سیلاب زدہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں۔ ہنگامی کٹ (پانی، خوراک، ادویات) تیار رکھیں اور اہم دستاویزات محفوظ کریں۔مزید رہنمائی کے لیے این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کریں ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات