ڈپٹی کمشنر سانگھڑ کا انسدادِ پولیو مہم مراکز کا دورہ

منگل 2 ستمبر 2025 15:45

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید نے انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تعلقہ سنجھورو کے مختلف سینٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا، بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے اور ساتھ ہی انہیں جوس اور ٹافیاں بھی دیں۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر سنجھورو جویریہ اشرف بھی موجود تھیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جاری انسدادِ پولیو مہم کی مؤثر نگرانی کی جارہی ہے۔ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹرانزٹ پوائنٹ قائم کیے گئے ہیں جہاں دیگر اضلاع سے آنے والے بچوں کو بھی قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو جیسی موذی اور اپاہج کردینے والی بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر مہم میں لازمی طور پر پولیو کے قطرے پلوائیں تاکہ اپنے بچوں کو صحت مند اور محفوظ مستقبل دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے سنجھورو میں قائم مختلف سینٹرز کا بھی معائنہ کیا اور یوسی ایم اوز و محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ویکسین کی کول چین برقرار رکھنے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں اور ٹیموں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بچہ رہ نہ جائے۔ دوسری جانب ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی اپنے اپنے علاقوں میں فیلڈ میں جا کر جاری مہم کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :