’یہی کچھ کرنا ہے تو حکومت سے نکل جائیں‘ حنیف عباسی کی نام لیے بغیر خواجہ آصف پر کڑی تنقید

نظام کو ہائبرڈ کہتے ہیں، بیوروکریسی کو برا کہنے کا بڑا شوق چڑھا ہوا ہے، شہرت کیلئے اپنے ہی ایوان پر الزام تراشی کر رہے ہیں؛ وفاقی وزیر ریلوے کا قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی منگل 2 ستمبر 2025 16:27

’یہی کچھ کرنا ہے تو حکومت سے نکل جائیں‘ حنیف عباسی کی نام لیے بغیر ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 ستمبر 2025ء ) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزیر دفاع خواجہ آصف کو تنقید کا نشانہ بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صاد ق کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا، قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی کو بُرا کہنے کا بڑا شوق چڑھا ہوا ہے، اپنی شہرت کیلئے اپنے ہی ایوان پر الزام تراشی کر رہے ہیں، نظام کو ہائبرڈ نظام کہتے ہیں، جس نظام کا حصہ ہیں اسی کو بیٹھ کر گالیاں دیتے ہیں، یہی کچھ کرنا ہے تو حکومت سے نکل جائیں کیوں کہ حکومت میں بیٹھ کر اپوزیشن والی باتیں زیب نہیں دیتیں۔

(جاری ہے)

حنیب عباسی کہتے ہیں کہ کس کنٹریکٹر کی جرات ہے کہ راولپنڈی میں غیر معیاری کام کرکے پیمنٹ لے لے، میرے ضلع میں کوئی کام غلط ہے تو میں کیسے ذمہ دار نہیں؟ اپنے گریبانوں میں جھانکیں، ہم نے بڑے بڑے پل اور ہسپتال بنائے لیکن کسی کنٹریکٹر پر الزام نہیں لگایا کیوں کہ اگر سارا یہی کچھ بیان کرنا ہے تو حکومت سے اٹھ کر اپوزیشن میں چلے جانا چاہیئے یہ باتیں حکومتی بینچوں پر بیٹھ کر تو زیب نہیں دیتیں، دراصل ہر کسی کو وائرل ہونے کا شوق ہے، اور بھی بہت چیزیں ہیں، اللہ سے ڈریں کہ وہ چیزیں نہ وائرل ہو جائیں، اپنے آدھا کلو گوشت کی خاطر پوری بھینس ذبح کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیئے۔